ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ”نیائے“ اسکیم کی ابتدا کندگول سے کرانے کی کوشش کی جائے گی: ڈی کے شیوکمار

”نیائے“ اسکیم کی ابتدا کندگول سے کرانے کی کوشش کی جائے گی: ڈی کے شیوکمار

Sat, 18 May 2019 13:20:20    S.O. News Service

بنگلورو،18/مئی(ایس او نیوز)  مرکز میں صدر کانگریس راہل گاندھی کی قیادت میں قائم ہونے والی ممکنہ حکومت کی طرف سے غریب خاندانوں کی مالی امداد کے لئے مجوزہ ”نیائے“ اسکیم کی شروعات شمالی کرناٹک کے کند گول سے کروانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ اعلان آج ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے کیا۔ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کے تحت یہ منصوبہ ہے کہ کانگریس مرکز میں اگر اقتدار پر آئے تو وہ ملک کے پانچ کروڑ غریب خاندانوں کو ماہانہ چھ ہزار روپیوں کی رقم فراہم کرے گی۔ ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ وہ اس بات کے لئے جدوجہد کریں گے کہ ”نیائے“ اسکیم کی ابتدا کندگول سے کی جائے۔مہادائی پراجکٹ پر کام کی شروعات کے متعلق ایک سوال کے جواب میں مسٹر شیوکمار نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو اعتماد میں لے کر مہادائی پراجکٹ پر کام کی شروعات کی جائے گی۔ ریاست کے آبی وسائل کے تحفظ کے معاملے میں حکومت پارٹی امتیازات سے بالا تر ہوکر کام کرے گی۔ سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا کی طرف سے ریاست میں مخلوط حکومت کے گر جانے کے متعلق بیان پر طنز کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ یڈیورپا کی خوش فہمیوں پر وہ تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ناقص مظاہرے کے متعلق ان کی پیشین گوئی پر انہوں نے کہاکہ 23مئی کو سب ظاہر ہوجائے گا اسی لئے اب پر تبصرہ کرکے اپنا وقت ضائع کرنا نہیں چاہتے۔یڈیورپا کے اس الزام پر کہ کانگریس نے ریاست میں لنگایتوں کو دھوکہ دیاہے، ویریندرا پاٹل سے لے کر اب تک وہ اس طبقے کو دھوکہ دیتے آئی ہے۔ ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ کانگریس اگر لنگایتوں کو دھوکہ دیتی تو اتنی بڑی تعداد میں لنگایت اراکین اسمبلی کانگریس میں نہ ہوتے۔ اس موقع پر سابق وزیرونئے کلکرنی،س نتوش لاڈ، آر بی تما پور اور رکن پارلیمان ڈی کے سریش بھی موجود تھے۔


Share: